سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک کی اے پی پی سے گفتگو

337

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ چین سی پیک کے بارے میں پائے جانے والا منفی تاثر ختم کرنے کے علاوہ اس خطے کی صورتحال کے حوالے سے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان کے مفاد میں یہ دورہ بہت ضروری تھا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے کہا کہ اس وقت چین میں اور پاکستان کے بعض حلقوں میں بھی تاثر پایا جا رہا ہے سی پیک پر کام کی رفتار سست روی کا شکار ہے جس سے پاکستان اور چین جو کہ دیرینہ اور قابل اعتماد دوست ہیں ان دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں جنم لے رہی تھیں ۔ وزیرا عظم اور آرمی چیف کے دورے سے یہ غلط فہمیاں ختم ہوں گی اور اعتماد کی فضا مزید مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا صدر یا وزیر اعظم جب بھی چین کا دورہ کرتے ہیں یا عظیم پڑوسی دوست ملک کی اسی طرح کی عظیم شخصیت جب پاکستان کے دورے پر آئی ہے تو اس کا زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے علاوہ کشمیر کا مسئلہ بھی یقیناً زیر بحث آیا ہوگا۔ بھارت نے کشمیر میں جو آئینی بغاوت کی ہے اس سے چین بھی متاثر ہوا اور ہم دونوں ممالک کے مؤقف اس حوالے سے یکساں ہے۔ سینیٹر عبدالقیوم ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کے دور ہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان جاری منصوبوں پر کام میں تیز رفتری آنے کے علاوہ تعاون کی نئی راہیں بھی کھلیں گی اور یہ بہت اہمیت کا حامل دورہ ہے۔