اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی اپنے آئندہ اجلاس میں کاپ29 کے لیے حکمت عملی پر غور کرے گی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات رابطہ کا اجلاس 24 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ کمیٹی کو کاپ29 اور پاکستان کی کاپ29 کے لیے حکمت عملی سمیت لاس ایمڈ ڈیمیج فنڈز کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
مزید یہ کہ اجلاس میں رواں سال کے ایجنڈے اور کاپ29 کے لیے ملک کی تیاریوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کاپ29 اس سال 11 سے 22 نومبر تک باکو آذربائیجان میں منعقد ہوگی۔ عالمی کاربن کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ کے باوجود پاکستان کو حالیہ برسوں میں سیلاب اور خشک سالی سمیت موسمیاتی آفات کے سنگین نتائج کا سامنا ہے جس نے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچاہے۔ اجلاس کے شرکاءکو راول ڈیم ریچارجنگ منصوبہ اور دیگرامور کے بارے میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515507