اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ایوان بالاء کی تاریخ کے حوالے سے تصویری نمائش کا افتتاح کر دیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تصویری نمائش میں 1973 سے 2023 تک کے تاریخی سفر کی عکاسی کی گئی ہے۔
یہ تصاویر سینیٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہمارے جمہوری اداروں کی اہمیت کی یاد دہانی کا کام کرتی ہیں۔نمائش میں موجود تصاویر سینیٹ کی تاریخ کی ایک جھلک پیش کرتی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ نمائش میں موجود تصاویر سینیٹ میں تاریخی واقعات کی نمائندگی کرتی ہیں، اہم قانون سازی کی منظوری اور ممتاز قومی اور بین الاقوامی معززین کے دورے شامل ہیں۔ پاکستان اور قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب ساتھ ہیں۔ ایوان بالا ملک کی مساوی نمائندگی کے لئے وجود میں آیا۔
تصویر ی نمائش میں شرکاء نے خصوصی دلچسپی لی جو پاکستان کی اہم تاریخ کے احوال پیش کرتی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ کا بھی افتتاح کر دیا۔ یہ واٹر کلر پینٹنگ 260 فٹ کی ہے، جبکہ اس سے پہلے کی سب سے بڑی پینٹنگ 240 فٹ کی تھی۔ایوان بالاء کی گولڈن جوبلی تقریبات کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے ہمراہ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان محمد جمالی، سینیٹرز ثنا جمالی، شہادت اعوان، بہرمند خان تنگی، حاجی ہدایت اللہ اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے علاوہ ایوان بالا کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔