سیّد غلام مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب

151
سیّد غلام مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار سیّد غلام مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ان سے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نئے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے پولنگ ہوئی جس میں 290 ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس میں سیّد مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے۔

ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار جنید اکبر نے 92 ووٹ حاصل کئے، ایک ووٹ مسترد ہو گیا۔گنتی کے بعد اتحادی جماعتوں کے ارکان نے ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد دی۔ بعدازاں نومنتخب سپیکر سردار ایاز صادق نے ڈپٹی سپیکر سے حلف لیا اور ان کو کامیابی پر مبارکباد دی۔

بعدازاں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ میں اپنی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی،اپنے قائد آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے منتخب کیا، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، ان کی جماعت،ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ باہمی احترام اور خلوص نیت کے ساتھ جمہوریت کے پودے کی نشوونما کرنی ہے جس کے لئے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو سمیت ہزاروں کارکنوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستان ہم سے ہے،میرے دفتر کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔