سیڈکارپوریشن کی کاشتکاروں کوکپاس کی کاشت کے وقت بی ٹی کاٹن کی مختلف اقسام کے بیج کو اولیت دینے کی ہدایت

101
Seed Corporation
Seed Corporation

فیصل آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):پنجاب سیڈ کارپوریشن نے زمینداروں، کسانوں کی خوشحالی اورملکی معیشت میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے کپاس کی آئندہ فصل کاشت کرتے وقت بی ٹی کاٹن کی مختلف اقسام کے بیج کو اولیت دینے کی ہدایت کی ہے جس سے نہ صرف بہتر پیداوار حاصل ہوگی بلکہ کاٹن فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو دیر پا روزگار بھی میسر ہوگا۔پنجاب سیڈ کارپوریشن فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ سیڈ کارپوریشن نے بی ٹی اقسام کی شاندار ورائٹیزمتعارف کرائی ہیں جو بہترین پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام نقد آور فصلات میں سے سب سے زیادہ اہم مقام کپاس کو حاصل ہے کیونکہ یہ فصل کاشتکاروں کو تمام سال کے اخراجات مہیا کرنے کیساتھ ساتھ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے منسلک لاکھوں افراد کو روزگاربھی فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور بالخصوص پنجاب میں بی ٹی اقسام کی کاشت کا دائرہ وسیع کیا جارہاہے جس کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے بیج کی فراہمی کو مؤثر اور فعال بنایا گیا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ ملکی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے فراہم کردہ شہ زور بیج ہی کاشت کریں۔