سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو واضح کیا، وزیر اعظم شہباز شریف

142

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب میں واضح کیا ہے کہ بھارت غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو چھپانے کیلئے کس طرح جمہوریت کی آڑ لے رہا ہے جو کشمیر کی دہشت زدہ وادی بیلٹ کی بجائے بلٹ کی بھارتی پالیسی کا واضح ثبو ت ہے، عالمی برادری غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو ظالمانہ نوعیت کی بھارتی پالیسیوں کو تسلیم کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں اپنے خطاب میں ابتدا میں، میں نے پاکستان میں سیلاب کے بعد تعمیرنو کے مرحلہ میں صحت اور خوراک کے چیلنجوں کے حوالہ سے آگاہ کیا جس کیلئے بین الاقوامی شمولیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی یکجہتی ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج پر قابو پانے میں مدد کر سکتی ہے۔