سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 74واں اجلاس ،مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی

147

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکشن کے ماتحت ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل فون رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے ریکارڈ 5 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔منصوبوں کی منظوری سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 74ویں اجلاس میں دی گئی ۔ ٹیلی نار، زونگ، یوفون اور پی ٹی سی ایل کو دیئے گئے منصوبوں کے چترال،، دیر بالا، دیر زیریں، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، زیارت اور مستونگ کے 14 سو سے زائد دیہاتوں اور پسماندہ علاقوں کے 56 لاکھ سے زائد افراد کو ڈیجیٹل رابطوں کی سہولیات میسر ہوسکیں گی۔منصوبوں کی تفصیلات کے مطابق آئندہ نسل کیلئے آپٹک فائبر نیٹ ورک اور سروس پروگرام کے تحت پاکستان ٹیلی کام کمپنی ( پی ٹی سی ایل ) کو سندھ کے اضلاع کشمور، گھوٹکی، خیرپور اور سکھر کے نواحی علاقوں میں ایک ہزار 78 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک بچھانے کا پراجیکٹ تفویض کیا جائے گا جس سے 140 دیہاتوں اور یونین کونسلوں کے 47 لاکھ سے زائد رہائشیوں کو ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ سروسز فراہم کی جاسکیں گی۔ اسی طرح زونگ کمپنی کو کراچی کے ضلع غربی اور ضلع ملیر میں 690 مربع کلومیٹر پر محیط نیٹ ورکنگ سے محروم علاقوں کے کئی لاکھ افراد کو بہترین نیٹ ورکنگ سہولیات کی فراہمی کی ذمہ دار ی سونپی جائے گی۔ یو ایس ایف بورڈ میٹنگ کے فیصلے کے تحت خیبر پختونخواہ کے ضلع چترال، اپر اور لوئر دیر اور نواحی علاقوں کے 6 سو 48 دیہاتوں کے 7 لاکھ سے زائد افراد کو ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ سروسز فراہمی کا منصوبہ دیا جائے گا جبکہ بلوچستان کے ضلع زیارت، اور مستونگ کے 226 دیہاتوں اور پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کا منصوبہ یوفون کو دینے کی منظوری دی گئی جس کے تحت 6 ہزار 324 مربع کلومیٹر کے وسیع علاقوں میں رہنے والے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو بہترین نیٹ ورک اور انٹرنیٹ میسر آئے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کام اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی ہدایت کے تحت ان منصوبوں کا بنیادی مقصد نہ صرف سیاحت کا فروغ ہے بلکہ دورز دراز کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے ان افراد کو ڈیجیٹل ورلڈ کے دائرے میں لانا ہے جو اب تک براڈ بینڈ سروس سے محروم یا نیٹ ورک کی کمزوری سے مشکلات کا شکار ہیں، شعیب صدیقی نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تیزی سے کام کررہی ہے اور جن علاقوں کے لوگ اب تک براڈ بینڈ سروسز سے محروم ہیں وہ بھی خاطر جمع رکھیں جلد ہی ان کے علاقوں تک بھی منصوبے پہنچیں گے۔انھوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں میں صرف سندھ کیلئے 3 ارب سے زائد کے پراجیکٹس ہیں جو وفاقی وزارت آئی ٹی کی جانب سے سندھ کے عوام کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ قبل ازیں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو منصوبوں کی تفصیلات پر بریفنگ دی انھوں نے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، سیکریٹری و چیئرمین شعیب احمد صدیقی اور بورڈ ارکان کا یو ایس ایف پر بھرپور اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا امتیاز یہی ہے کہ منصوبوں کی تفویض میں خالصتا میرٹ اور شفافیت کے ساتھ ان کی بروقت تکمیل کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، ہماری خواہش ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل میں یو ایس ایف کا کردار نمایاں ہو۔ یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے شرکاء میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، این آئی ٹی بی کے سی ای او شباہت علی شاہ، ٹیلی نار کے سی ای او عرفان وہاب، عمران اختر شاہ، یوفون پی ٹی سی ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راشد خان، کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال، اور ممبر ٹیلی کام عمر ملک شامل تھے۔