کوئٹہ۔ 07 مارچ (اے پی پی):سیکرٹری اطلاعات حکومت بلوچستان عمران خان نے ڈائریکٹوریٹ جنرل تعلقات عامہ (ڈی جی پی آر) کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان محمد نور کھیتران اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری اطلاعات نے اخبار فروشوں (ہاکرز) میں موٹر سائیکلیں تقسیم کیں، جو قرعہ اندازی کے ذریعے پانچ مستحق ہاکرز کو فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات عمران خان کا کہنا تھا کہ "حکومت بلوچستان وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں اخباری صنعت کی ترقی اور ہاکرز کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ موٹر سائیکلوں کی فراہمی اخبار فروشوں کی کارکردگی میں بہتری لائے گی اور ان کی مشکلات میں کمی آئے گی۔
ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان محمد نور کھیتران نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اخبار فروش برادری کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے ان کے روزمرہ کے کام میں آسانی پیدا ہوگی۔ ہاکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت دی جانے والی ان موٹر سائیکلوں پر اخبار فروشوں نے حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں مزید فلاحی اقدامات خصوصاً رہائشی اسکیم اور روزگار کے دیگر مواقع بھی فراہم کیے جائیں، سیکرٹری اطلاعات نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ ہاکرز ویلفیئر فنڈ کو مزید وسعت دی جائے گی اور اس کے ذریعے مزید فلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے کیے جانے والے اس اقدام کو صحافی برادری اور اخبار فروشوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570032