گلگت۔28مئی (اے پی پی):سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار احمد ملک اور وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے آڈٹ بیورو آف سرکولیشن ( اے بی سی ) کے ڈائریکٹر محمد سلیم کے درمیان ایک اہم اور تعمیری ملاقات ہوئی،جس میں اخبارات و جرائد کی سرکولیشن، آڈٹ، میڈیا ریگولیشن، شفافیت، اور ادارہ جاتی استعدادکار کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق اس اہم اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر اے بی سی رباب کاظمی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے بی سی وزارت اطلاعات و نشریات ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے بی سی وزارت اطلاعات و نشریات جنید احمد، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن حکومت گلگت بلتستان منیر جوہر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر ادارے کے افسران نے میڈیا سرگرمیوں، اخباری اداروں کی سرکولیشن کے نظام، آڈٹ کے طریقہ کار، اور معلومات کی شفاف فراہمی کے پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے، اور اس کی مضبوطی کے لیے ادارہ جاتی اشتراک اور معلومات کی درست فراہمی ناگزیر ہے۔
ڈائریکٹر اے بی سی محمد سلیم نے گلگت بلتستان حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے اہم خطے میں میڈیا کی ترقی اور فعال کردار قابل تحسین ہے۔ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے وفاقی ادارے کے ساتھ تعاون کو خوش آئند قرار دیا اور مستقبل میں باقاعدہ مشاورتی نشستوں کی تجویز بھی دی۔ان کامزید کہنا تھا کہ یہ ملاقات گلگت بلتستان میں میڈیا سے متعلق پالیسی سازی اور نگرانی کے عمل کو مزید مستحکم بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں بھی میڈیا کے معیار، شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602514