سیکرٹری افتخار علی سہو کا محکمہ زراعت پنجاب کے تحت قائم فیئر پرائس شاپس کا اچانک دورہ، اشیا کی کوالٹی و سپلائی اینڈ ڈیماینڈ کا جائزہ لیا

84

ہور۔24مارچ (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ماڈل بازار وحدت روڈ اور میاں پلازہ جوہرٹاؤن لاہور میں محکمہ زراعت کے تحت فئیر پرائس شاپس کا اچانک دورہ کیا اور اشیا کی کوالٹی و سپلائی اینڈ ڈیماینڈ کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 51 فئیر پرائس شاپس رمضان المبارک کے موقع پر قائم کی گئی ہیں جن میں 36 فئیر پرائس شاپس ماڈل بازار جبکہ15 رمضان بازاروں میں واقع ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ یہ فئیر پرائس شاپس روزانہ کی بنیاد پر صبح9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہتی ہیں اور یہاں ہول سیل مارکیٹ کی نسبت قیمتیں 25 فیصد کم ہیں۔ان فئیر پرائس شاپس پر13اشیا بشمول سبزیاں،پھل،دال چنا اور بیسن وافر مقدار میں موجود ہیں۔

ان فئیر پرائس شاپس پر اشیا کی بہترین کوالٹی کی دستیابی کیلئے واضح احکامات صادر کئے گئے ہیں اور متعلقہ افسران وعملہ روزانہ کی بنیاد پر اسٹاک کا جائزہ لیتا ہے۔ ان فئیر پرائس شاپس پر متعین کردہ عملہ متحرک ہے۔شہریوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔ دورہ کے موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے متعلقہ افسران و عملہ کو آلو، ٹماٹر اور پیاز کیلئے علیحدہ کاونٹر قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ رش اور لمبی لائینں نہ لگیں اور عوام باآسانی خریداری کر سکیں۔سیکرٹری زراعت نے کہا کہ ان فئیر پرائس شاپس پر اشیا کی کوالٹی کو برقرار رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کا فول پروف انتظام کیا گیا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کے دورہ کے دوران ڈائریکٹر جنرل پامرا طارق محمود، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں و دیگر افسران ہمراہ تھے۔