سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس

182
Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):الیکشن کمیشن میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید خان کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیپشل سیکرٹری ، ڈی جی لاء، صوبائی الیکشن کمشنروں اوردیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

پیر کو الیکشن کمیشن کے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں سپیشل سیکرٹری اور صوبائی الیکشن کمشنروں نے الیکشن کے انعقاد سے متعلق اب تک انتظامات پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بریف کیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کے تمام ونگز انچارج اور صوبائی الیکشن کمشنر صاحبان الیکشن کے انعقاد سے متعلق تما م انتظامات کی فوری تکمیل ، متعلقہ اداروں سے رابطہ اور ضروری الیکشن میٹریل کی دستیابی کو یقینی بنائیں ، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ صوبائی الیکشن کمشنر ز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (الیکشن) اسلام آباد یقینی بنائیں کہ انہیں حلقہ بندی کے لئے ضروری نقشہ جات و دیگر ڈیٹا صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات سے بروقت موصول ہو گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں ایک اعلی سطحی اوور سائٹ کمیٹی سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں بنائی ہے جو کہ تمام مذکورہ بالا امور کی بروقت اور تسلی بخش تکمیل کو یقینی بنائے گی ۔