سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری کا مسجد و دربار حضرت شاہ چراغ کا دورہ ،تعمیر و تزئین کے کاموں کا جائزہ لیا

36

لاہور۔12جون (اے پی پی):سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے مسجد و دربار حضرت شاہ چراغ کا دورہ کیا اور تعمیر و تزئین کے کاموں کا جائزہ لیا۔ کنزرویشن، ریسٹوریشن، فریسکو ورک،کاشی کاری سمیت دیگر امور کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن کی روشنی میں ” ماڈل شرائنز” کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیرکردیا۔مزارات و مساجد کے ترقیاتی منصوبہ جات کی بر وقت تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔مسجد و دربار حضرت شاہ چراغ کے تاریخی شکوہ کو اصل طرز ِ تعمیر کے مطابق بحالی کو یقینی بنا دیا ہے۔اوقاف مزارات و مساجد کی تزئین و آرائش کے ساتھ ریونیو کے حصول کی طرف بھی گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ زائرین و نمازیوں کو صفائی، سیکیورٹی اور حفظا ن صحت کے اصولوں کے مطابق بہترین انوائرمنٹ کی فراہمی کیلئے محکمہ کو شاں ہے۔

انہوں نے مسجد ودربارشریف کے دورہ کے موقع پر جاری ترقیاتی سکیم مالیتی 11.57 ملین،جس میں مسجد کی اصل تاریخی حالت میں بحالی، کنکر لائم پلستر، پکا قلی، فریکسو ورک، دیارکی لکڑی کے دروازوں کی تنصیب، واٹر پروف مکینکل ترپال، وضوگاہ کے فائبر گلاس شیڈ و طہارت خانہ کی چھت کی تبدیلی، لوح ِ مزار، تربت کی تزئین،دربار شریف کی ماربل فلورنگ اورمسجد و مزار شریف سے ملحقہ حجرہ کی تعمیر سمیت تمام خستہ حال، پرانی تعمیرات کے امور کومقررہ ٹائم لائن میں مکمل کرنے کے حوالے سے موقع پر ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ مذہبی تعمیراتی ورثہ کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے۔مسلم طرز تعمیر اور بالخصوص خانقاہوں اور مزارات کی تشکیل اپنے اندر ایک وسعت، کشادگی، مضبوطی اور پائیداری کی حامل ہے۔برصغیر کے مسلمانوں کیلئے یہ مقامات ہمیشہ تقویت، حوصلہ اور روحانی آبیاری کا مرکز رہے۔

تشدد اور انتہاپرستی کے اس دور میں خانقاہوں سے وابستہ اسلوبِ حیات سے راہنمائی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مساجد اور دربار سوسائٹی کا مرکزی نقطہ اور انسانی فلاح کے بنیادی ادارے ہیں،جن کا فیضان مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹراسٹیٹ اوقاف آصف اعجاز،ہیڈڈرافٹسمین صدر دفتر محمد ثقلین،پرائیویٹ سیکرٹری برائے سیکرٹری اوقاف زاہد اقبال اورایس ڈی او محمد نواز سمیت اوقاف انجینئرنگ ونگ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔