سیکرٹری اوقاف پنجاب کی زیر صدارت ’’ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی ‘‘کا اجلاس، بادشاہی مسجد "کے ریوائز پی سی۔ ون کی منظوری

256
Dr. Tahir Raza Bukhari
Dr. Tahir Raza Bukhari

لاہور۔29جنوری (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت ایوان اوقاف میں ’’ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی ‘‘ کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نجم الثاقب، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، سینئر چیف سپورٹس اینڈ ٹورازم پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ محمد عمران، سیکشن آفیسر محکمہ خزانہ پنجاب نعیم اختر،ایکسیئن اوقاف صدر دفتر رانا زوہیب، ایس ڈی او اوقاف وجاہت علی،سب انجینئر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ناظم علی و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری اوقاف نے ’’ سکیورٹی پریزرویشن اینڈاپ کِیپ آف ہولی ریلکس بادشاہی مسجد ‘‘کے ریوائز پی سی۔ون کی منظوری دی، جس میں7کی بجائے 9 کمروں کی تعمیر، بلٹ پروف گلاس بکسز،پانچ کے وی کے بلا تعطل بجلی فراہمی کے آلہ اور موبائل سکیورٹی سسٹم و دیگر امور شامل ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ اوقاف ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تعمیر وترقی کے تاریخی منصوبے جاری ہیں، سالانہ آمدن میں 43 فیصد اضافہ لائق تحسین ہے،اوقاف آرگنائزیشن کو حالیہ دور میں میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے ذریعے ایک بہترین ادارے کے طور پر تشکیل کر دیا گیا ہے، وزیر اعلی پنجاب کے وژن کی روشنی میں پنجاب آرگنائزیشن نے مزارات و مساجد کے انفراسٹرکچر کی تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن، کنزرویشن وریسٹوریشن کی رفتار اور معیار کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی تعمیراتی ورثہ کی تحفظ کے لیے محکمہ سرگرمِ عمل ہے۔تاریخی مزارات و مساجد کی تجدیدو تزئین کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے جس کے لیے حکومت آئندہ مالی سال میں ایک خطیر رقم مختص کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ بادشاہی مسجد میں بین الاقوامی معیار کی حامل نئی تبرکات گیلری کی تعمیر و تشکیل کا کام تیزی سے جاری ہے، وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق تبرکات گیلری مسجد کے جنوبی سمت کے برآمدوں میں قائم کی جارہی ہے، جس میں محکمہ اوقاف بطور سپانسرنگ ایجنسی، اس پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کر رہی ہے جبکہ والڈ سٹی آف لاہور اٹھارٹی اس کی ’’ایگزیکیوٹنگ ایجنسی‘‘ ہے۔’

’سکیورٹی پریزرویشن اینڈاپ کِیپ آف ہولی ریلکس بادشاہی مسجد ‘‘ کے نام سے 68.60 ملین مالیت کی اس اسکیم اور پراجیکٹ کے سکوپ آف ورک میں کنزرویشن، الیکٹریکل ورک، ایڈوانسڈفائر الارم سسٹم، ٹرائی پاڈ ٹرانسٹائل، برگلرکلیم سسٹم اور ایئر کنڈیشننگ سمیت انٹرنیشنل سٹینڈرڈزکے حامل و دیگر جدیدترین سسٹم شامل ہیں۔