سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا عالمی برادری سے لبنانی فوج کی حمایت کرنے کا مطالبہ

112

بیروت۔20جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے عالمی برادری سے لبنانی فوج کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل نے معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور اسے اس کا احترام کرنا چاہیے۔ العربیہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیل نے لبنانی سرزمین سے بتدریج انخلا شروع کر دیا ہے لیکن انخلا کے باوجود اب بھی تباہی اور حملے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افق پر چیلنجز منڈلا رہے ہیں خاص طور پر جنوب میں بڑی تباہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر نو کی ضروریات بہت زیادہ ہیں تاہم انہیں پورا کرنا مشکل نہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دشمنی کا خاتمہ نازک ہے لیکن جاری ہے۔ انہوں نے فریقین سے جنگ بندی پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل )کے کام کے بارے میں وضاحت کی کہ اس نے 50 مقامات پر لبنانی فوج کی تعیناتی میں سہولت فراہم کی ہے۔

انہوں نے 60 دن کی مدت سے آگے دیکھنے اور قرارداد 1701 کو نافذ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی برادری سے لبنانی فوج کی حمایت کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل نے معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور اسے اس کا احترام کرنا چاہیے۔