سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی برسلز میں "دو ریاستی حل کے نفاذ کے لئے عالمی اتحاد” کے دوسرے اجلاس میں شرکت

109
Foreign Secretary Amina Baloch
Foreign Secretary Amina Baloch

برسلز۔28نومبر (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے جمعرات کو بیلجیئم کے شہر برسلز میں منعقدہ ”دو ریاستی حل کے نفاذ کے لئے عالمی اتحاد“کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عالمی اتحاد کا پہلا اجلاس گزشتہ سال سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہوا تھا۔ عالمی اتحاد کا آغاز گزشتہ سال رابطوں کو فروغ دینے اور مشرق وسطیٰ میں ایک منصفانہ اور پائیدار امن کو آگے بڑھانے کے لئے کیا گیا تھا جس میں اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام بھی شامل ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے ایک جامع نقطہ نظر، فلسطین کی ایک خود مختار ریاست کے قیام جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو اور اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے ساتھ ساتھ فلسطینی کاز کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لئے عالمی برادری کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔