سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی دنیا بھر کی خاتون سفارت کاروں خاص طور پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی خواتین کو مبارکباد

8
Foreign Secretary Amna Baloch
Foreign Secretary Amna Baloch

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے دنیا بھر کی خاتون سفارت کاروں خاص طور پر پاکستان کی پوری لگن اور عمدگی کے ساتھ نمائندگی کرنے والی خواتین کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے ڈپلومیسی میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن عالمی امور میں خواتین کے ابھرتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام براعظموں میں خواتین اعلیٰ سطح کی سفارت کاری کے ساتھ ساتھ افہام و تفہیم کو فروغ دیتی ہیں اور امن، ترقی اور تعاون کو آگے بڑھاتی ہیں۔ آمنہ بلوچ نے کہا کہ خاتون سفارت کار خارجہ پالیسی کی تشکیل، مذاکرات کی قیادت اور عالمی مکالمے کو تقویت دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خواتین سفارت کاروں کے بڑھتے ہوئے کیڈر پر فخر ہے، ان کی موجودگی ہماری فارن سروس میں شمولیت اور صنفی توازن کی طرف پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خارجہ سیکرٹری کی حیثیت سے میں خواتین کی بھرتی اور سفارت کاری میں ترقی کے لیے فریم ورک کو مضبوط بنا کر خواتین کو آگے بڑھانے اور آنے والی نسلوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا کہ پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرنے والی دنیا میں سفارت کاری میں خواتین کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم بین الاقوامی تعلقات میں صنفی مساوات کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں اور ایک پرامن، منصفانہ عالمی نظم کی تعمیر میں خواتین کے اہم کردار کا جشن منائیں۔