اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے (کل) جمعہ کو ہونے والے30 ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ سیکرٹری خارجہ اجلاس میں ایشیا پیسفک کےلئے تشویش کے سیاسی اور سیکیورٹی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ اے آر ایف اور خطے کے ممالک کے ساتھ وسیع شراکت داری کے لیے علاقائی تعاون اور مکالمے کی پاکستان کی خواہش کا خاکہ پیش کریں گے۔
ڈاکٹر اسد مجید خان آسیان ریجنل فورم کے 30 ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے جکارتہ انڈونیشیا میں ہیں۔ قبل ازیں سیکرٹری خارجہ نے جکارتہ میں تھائی لینڈ کے ہم منصب اور آسیان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں کیں۔
وہ انڈونیشیا کے صدر کے علاوہ وزیر خارجہ اور انڈونیشیا کے سیاسی، قانونی اور سیکورٹی امور کے رابطہ کار وزیر سے بھی ملاقات کریں گے۔ سیکرٹری خارجہ کی ویتنام اور تیمور لیسٹے کے وزرائے خارجہ اور ملائیشیا اور برطانیہ کے خارجہ سیکرٹریوں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔