سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان 12 سے 14 جولائی تک جکارتہ میں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

109
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان 12 سے 14 جولائی تک انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں منعقد ہونے والے آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے 30 ویں وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق اے آر ایف کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور آسیان کے سیکرٹری جنرل اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزارتی اجلاس میں سیکرٹری خارجہ ایشیا پیسیفک کے لیے تشویش کے سیاسی اور سیکیورٹی امور پر بات چیت اور تعاون کے ذریعے مشترکہ حل کو فروغ دینے کے لیے بات چیت میں حصہ لیں گے۔

جکارتہ میں سیکرٹری خارجہ انڈونیشیا کے حکام اور اے آر ایف کے رکن ممالک کے ہم منصبوں اور دورہ کرنے والے وزراء کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ وہ اس موقع پر تھنک ٹینکس، کاروباری رہنماؤں اور میڈیا کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔ بیان کے مطابق اے آر ایف 1994 میں قائم کیا گیا جو علاقائی امن اور سلامتی سے متعلق مسائل پر ایشیا پیسفک کے ممالک کے درمیان مشاورت کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ 2004 میں اے آر ایف میں شمولیت کے بعد سے پاکستان فورم کا ایک فعال رکن رہا ہے اور وہ باقاعدگی سے اس کی سرگرمیوں میں حصہ لیتا ہے۔