اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) ہادی سلیمان پور نے بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ٹویٹ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیربحث لائے گئے۔ سیکرٹری جنرل پاکستان کے چار روزہ سرکاری دورہ پر ہیں اور گزشتہ سال اگست میں سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ پاکستان میں قیام کے دوران صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرینگے۔ اعلیٰ حکام کیساتھ ملاقاتوں کے دوران ای سی او رکن ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون، انفراسٹرکچر ترقیاتی ایجنڈا، علاقائی روابط اور ٹریڈ لبرلائزیشن سے متعلق امور زیربحث آئیں گے۔ سیکرٹری جنرل ہادی سلیمان وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل و صنعت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقات کرینگے۔