سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا ”پاکستان، وسطی ایشیاءاور سی پیک “کے موضوع پر سیمینار سے خطاب

89

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سدا بہار سٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ملکوں کی قیادت سی پیک کو ترقی کا انجن سمجھتی ہے، سی پیک پاکستان اور چین سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کے مابین رابطوں اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم پلیٹ فارم ہے، اس منصوبے سے وسطی ایشیاء،مشرق وسطی اور مغربی افریقہ تک رسائی میں مدد ملے گی اور وہاں ترقی کی نئی راہیں کھل جائینگی، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کے مختلف حصوں میں 9خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنیکا منصوبہ ہے۔ یہ باتیں انہوں نے منگل کو انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام ”پاکستان، وسطی ایشیاءاور سی پیک “کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ چین حقیقی معنوں میں کامیاب رہا اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات بلندیوں کی نئی سطح تک پہنچ گئے، وزیر اعظم نے دورہ کے دوران چین کے صدر، نائب صدر اور کمیونسٹ پارٹی چین کے چیئر مین سے ملاقاتیں کیں، پاک چین قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں ترقی کا انجن ہے، پاکستان اور چین سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں اور خطے کے دیگر ملکوں کی اقتصادی ترقی کیلئے اس منصوبے کی خصوصی اہمیت ہے۔