اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے اقوام متحدہ کے معاون سیکرٹری جنرل برائے مشرق وسطیٰ، ایشیا و بحر الکاہل سیاسی امور خالد خیری نے ملاقات کی۔سیکرٹری خارجہ نے معاون سیکرٹری جنرل کو بھارت کی طرف سے پاکستان کی حدود میں میزائل فائر کرنے کے حالیہ واقعہ پر بریف کیا۔
انہوں نےکہا کہ یہ پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی اور ہوا بازی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے بھارتی ناہلی کا عکاس ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا عکاس ہے، عالمی برادری کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط لکھ کر حقائق سامنے لانے کے لیے واقعے کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔سیکرٹری خارجہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔سیکرٹری جنرل اور معاون یو این سیکرٹری جنرل نے ملاقات کے دوران افغانستان اور یوکرین روس تنازعہ کے حوالے سے بھی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔