سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور ہونڈا تارو کی ملاقات

134
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور ہونڈا تارو کی ملاقات

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے دفتر خارجہ میں جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور ہونڈا تارو نے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو دوستانہ اور تمام شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی باہمی خواہش پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور علاقائی رابطوں کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے رابطوں پر خصوصی زور دیا گیا۔

افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ عبوری افغان حکام اور عالمی برادری کے درمیان عملی تعاون علاقائی امن و استحکام کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کو افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال اور اقتصادی استحکام کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے افغان عوام کے لئے امداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے منفی نتائج، بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں جاپانی نائب وزیر کو آگاہ کیا۔

پارلیمانی نائب وزیر نے جاپان اور پاکستان کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیر نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی تعاون پر بھی اتفاق کیا۔