اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کیلئے عزم ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق یہ بات انہوں نے قطر کے معاون وزیر خارجہ برائے علاقائی امور ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز بن صالح الخلیفی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے یہاں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔
سیکرٹری خارجہ اور قطر کے معاون وزیر خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ کثیر الجہتی پاک قطر تعلقات کا جائزہ بھی لیا۔سیکرٹری خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغان امن عمل کے تناظر میں قطر کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
سیکرٹری خارجہ نے افغان عوام کی فوری انسانی اور اقتصادی ضروریات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ 40 سالہ تنازعات اور عدم استحکام کے بعد افغانستان میں امن کو مستحکم کرنے کا ایک منفرد موقع ملا ہے اور ہمیں اس موقع سے استفادہ کرنا چاہئے۔قطر کے معاون وزیر خارجہ نے افغانستان میں انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے دسمبر 2021 میں اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے ٹھوس نتائج پر پاکستانی قیادت کو سراہا۔
انہوں نے 48ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد بھی دی۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے قطر کے معاون وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل فائر کرنے کے حالیہ واقعہ نے متعدد پریشان کن سوالات کو جنم دیا ہے ،ان حقائق تک رسائی کے لئے مشترکہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں پاکستان صبر وتحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے وہیں بھارت کا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔