سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کی یوم استحصال کے موقع پر او آئی سی، پی فائیو اور یورپی یونین مشنز کے سربراہان سے ملاقات

242

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے یوم استحصال کے موقع پر او آئی سی، پی فائیو اور یورپی یونین مشنز کے سربراہان سے جمعہ کو ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے جموں و کشمیر تنازعہ کے امن و سلامتی، قانونی اور انسانی حقوق کے پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

سفیروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر خاص طورپر انہیں آگاہ کیا گیا۔

سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ بنیادی طور پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں بھارت کی ناکامی کی وجہ سے حل طلب رہا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائے گا۔اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے جمہوری طریقہ کے ذریعے اس تنازعے کو حل کیا جائے گا۔

سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے، آبادیاتی تبدیلیوں اور 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے اور کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دینا چاہیے۔