اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب شیگیو یاماڈا کے ساتھ دو طرفہ سیاسی مشاورت کی۔ منگل کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے پاکستان جاپان تعلقات کے تمام اہم پہلوئوں کا جائزہ لیا اور دیرینہ مضبوط تعلقات کے تحفظ، فروغ اور تنوع کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے پر اتفاق کیا۔ بات چیت کے دوران اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکرٹری خارجہ نے جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور تاکی شونسوک اور قومی سلامتی کے مشیر تاکیو اکیبا سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے جاپان۔ پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر شون امیزومی سے بھی بات چیت کی۔ جاپانی عہدیداروں نے سیکرٹری خارجہ سے بات چیت میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ جاپان اس سال جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ کا منتظر ہے۔