سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان 31 مئی سے یکم جون تک آذربائیجان اور جارجیا کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

61
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے لیے 31 مئی سے یکم جون تک آذربائیجان اور جارجیا کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان باکو میں آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النور ممدوف کے ساتھ پاکستان آذربائیجان دو طرفہ سیاسی مشاورت کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

بات چیت کے دوران دونوں ممالک سیاسی، اقتصادی، توانائی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیں گے۔ سیکرٹری خارجہ آذربائیجان کی کاروباری برادری کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے اور اکیڈمی اور تھنک ٹینکس کے ماہرین سے بات چیت کریں گے۔

ڈاکٹر اسد مجید خان یکم جون کو جارجیا کے ساتھ دو طرفہ سیاسی مشاورت کے افتتاحی دور میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ بات چیت میں جارجیا کے وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر خوتیشیاشویلی کریں گے۔ مذاکرات میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ ایجنڈے میں ثقافتی، تعلیم، سیاحت، دفاع اور سلامتی کے معاملات اور کثیر الجہتی فورمز میں تعاون شامل ہے۔ دونوں ممالک دو طرفہ سیاسی مشاورت کے باضابطہ آغاز سے متعلق ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کریں گے۔