سیکرٹری خارجہ 27 جولائی کو 31 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے

180
سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی 27 جولائی کو لائو پیپلز ڈیموکریٹک ریپبلک میں منعقد ہونے والے 31 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ سیکرٹری خارجہ آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں ایشیا پیسفک خطے سے متعلق سیاسی اور سلامتی کے مسائل پر گفتگو اور اشتراک کے ذریعے اجتماعی حل کو فروغ دینے کے لیے بات چیت میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی اجلاس میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ سیکرٹری خارجہ آسیان ریجنل فورم کے 31 ویں وزارتی اجلاس کے موقع پر شرکت کرنے والے معززین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔