سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا کا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے ہمراہ انڈسٹریل ٹرائی اینگل کہوٹہ اور انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ

156

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا نے ہفتہ کو چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے ہمراہ اسلام آباد کے انڈسٹریل ٹرائی اینگل کہوٹہ اور انڈسٹریل اسٹیٹ I-9/ I-10 کا دورہ کیا۔

اس موقع پرسیکرٹری داخلہ نے کہا کہ انڈسٹریل ٹرائی اینگل کہوٹہ کی سٹیٹ آف دی آرٹ ڈویلپمنٹ کی جائے اور اسلام آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹ صنعت کاروں کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹریل ٹرائی اینگل کہوٹہ سے تمام قسم کی تجاوزات کو ختم کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام انڈسٹری کے قیام اور اس کے فروغ کے لئے صنعت کاروں کو خصوصی سہولیاتی دی جائیں اور ایسے انڈسٹریل پلاٹس کے الاٹیز جو الاٹ شدہ پلاٹوں پر ابھی تک صنعتیں نہیں لگا سکے وہ جلد از اپنے پلاٹوں پر صنعتیں قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صنعت کاری کے فروغ اور صنعت کاروں کی سہولت کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

چیئر مین سی ڈی اے نے ہفتے کے روز اسلام آباد کے دیگر مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے سینئر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اپنے دوروں کا آغاز ڈپلومیٹک انکلیو سے کیا،انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ لینڈ سکیپنگ کا کام باقاعدہ تھیم کے تحت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سکیپنگ اور بیوٹفیکیشن کے کام کو مکمل کرنے کے بعد اس کی حفاظت کی جائے تاکہ خوبصورتی کو برقرار رکھا جاسکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ معمولی نوعیت کےتعمیر و مرمت کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔مزید برآں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جناح کنونشن سینٹر کا بھی دورہ کیا اور کنونشن سینٹر میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش کے کام کے دوران سینٹر کے مرکزی ہال میں بیٹھنے کی جگہ میں وسعت دی جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کنونشن سینٹر کو عالمی سطح کی تقریبات کی میزبانی کرنے کے معیار کے مطابق تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح کنونشن سینٹر کے گرین ایریا میں لینڈ سکیپنگ کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔علاوہ ازیں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے انقرہ پارک کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انقرہ پارک کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے لینڈ سکیپنگ کو بہتر بنایا جائے اور پارک سے ملحقہ راول ڈیم انٹرچینج کی دیواروں کو خوبصورت بنایا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پارک میں تمام ممالک کے جھنڈے بھی آویزآں کئے جائیں۔بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے لیک ویو پارک کا بھی دورہ کیا۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ لیک ویو پارک کے واک ویز کی تعمیر و مرمت کرکے بہتر بنایا جائے، پارک کو خوبصورت بنانے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے جامع پلان بھی پیش کیا جائے۔