سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیر صدارت کچہ ماچھکہ میں سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد

2

لاہور۔19جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کچہ ماچھکہ میں سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں کچے کے علاقے میں سیکیورٹی صورتحال اور فورسز کے پلان کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، کمشنر اور آر پی او بہاولپور، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکیورٹی، ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او رحیم یار خان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کچے میں باہمی کوآرڈینیشن بہتر بنائیں۔

سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ انٹیلیجنس شیئرنگ سے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ محرم الحرام سے پیشتر کچے کے علاقے اور ملحقہ اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، حکومت پنجاب دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ایکشن کیلئے بھرپور وسائل فراہم کر رہی ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ کچہ ماچھکہ ایریا میں سیکیورٹی کیلئے 2 جوائنٹ چیک پوسٹس تعمیر کی جا رہی ہیں جن کی تکمیل سے علاقے میں قانون کی حکمرانی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے کچے میں آپریشنز کیلئے جدید ڈرون، بکتر بند گاڑیاں اور کواڈکاپٹرز فراہم کیے جبکہ پولیس کی ضرورت کے مطابق مذید وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ کچے میں کامیاب آپریشنز کیلئے پنجاب اور سندھ کی باہمی کوآرڈینیشن نہایت اہم ہے۔