سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزمان خان کی سری لنکن صدر ، وزیر دفاع ، چیف آف صدارتی سٹاف سے الگ الگ ملاقاتیں ، چوتھے پاکستان سری لنکا ڈائیلاگ میں بھی شرکت

98
مظفرگڑھ میں قیام امن کےلئے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کو ساتھ لے کر چلیں گے،اسسٹنٹ کمشنرمظفرگڑھ

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزمان خان نے سری لنکا کے دورہ کے موقع پر سری لنکن صدر ، وزیر دفاع ، چیف آف صدارتی سٹاف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ، سیکرٹری دفاع نے چوتھے پاکستان سری لنکا ڈائیلاگ میں بھی شرکت کی ۔

ترجمان وزارت دفاع کے مطابق سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزماں خان نے 3 جنوری سے 4 جنوری2024 تک شیڈول چوتھے پاکستان سری لنکا ڈیفنس ڈائیلاگ میں شرکت کے لئے سری لنکا کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری دفاع نے صدارتی سیکرٹریٹ میں صدر رانیل وکرماسنگھے سے ملاقات کی۔صدر وکرما سنگھے نے پاکستان کے سیکرٹری دفاع کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں سری لنکا کے وزیر مملکت برائے دفاع، صدر کے سینئر مشیر برائے قومی سلامتی اور چیف آف صدارتی سٹاف ساگالا رتنائیکا نے شرکت کی۔ سیکرٹری دفاع نے سینئر فوجی حکام کے ساتھ چوتھے پاکستان سری لنکا دفاعی مذاکرات میں شرکت کی جو 3 جنوری 2024کو کولمبو سری لنکا کے ڈیفنس ہیڈ کوارٹرز کمپلیکس میں منعقد ہوئے ۔ پاکستانی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزماں خان کر رہے تھے جبکہ سری لنکا کے سیکرٹری دفاع جنرل کمال گونارتنے نے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں میزبان وفد کی قیادت کی۔

دونوں فریقین نے اس سے قبل دفاعی مذاکرات میں کیے گئے فیصلوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مسائل کو حل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ تربیتی تبادلے کے پروگراموں، دو طرفہ دفاعی مشقوں، باہمی سلامتی کے خدشات، بحری تعاون کو بڑھانے اور فوجی تکنیکی مہارت کے تبادلے سمیت دفاعی تعاون کو بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان سری لنکا دفاعی ڈائیلاگ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم رہا ہے۔ تاریخی، ثقافتی اور سفارتی وابستگیوں میں جڑی یہ بات چیت دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا سنگ بنیاد بنی ہے۔