لاہور۔30اگست (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت ایگریکلچر ہاوس لاہور میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈائریکٹر زراعت توسیع لاہور عارف صدیق سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ پنجاب بھر کے ڈویژنل ڈائریکٹرز و ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت توسیع نے آن لائن شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب کی فیلڈ فارمیشنز کو سیلابی سرگرمیوں کے حوالے سے ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھرپور حصہ لیا جائے۔ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر متاثرینِ سیلاب کے جانوروں کے لیے چارے اور خوراک کا انتظام کیا جائے اور فلڈ ریلیف و ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں مستعدی سے ڈیوٹیاں سرانجام دی جائیں۔
انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور سیلاب کے دوران اپنی ذمہ داریاں قومی فریضہ سمجھ کر نبھائی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی جائے۔ فیلڈ میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں ابتدائی سروے جاری رکھا جائے اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر فصلوں کی نگہداشت کے بارے میں کاشتکاروں کو فنی رہنمائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔