لاہور۔29مارچ (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل ملکی معیشت کے لئے ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بات صوبہ میں اگیتی کپاس کی کاشت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت پر وزیر اعلی پنجاب نے اڑھائی ارب روپے کا خصوصی مراعاتی پیکج کی منظوری دی ہے جس کے تحت5 ایکڑ یا اس سے زائد ملکیتی رقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت پر25 ہزار روپے مالی اعانت کسان کارڈ کے ذریعے ہی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں اگیتی کپاس کی کاشت کاہدف 10 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا اوراگیتی کپاس کے ٹارگٹ کے حصول کے لئے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع کا موثر استعمال کیا جا رہا ہے۔اب تک7 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت مکمل ہو چکی جبکہ ہدف مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بارکپاس کی اگیتی کاشت کے لئے خصوصی مہم جاری ہے جس کے ثمرات کے نتیجہ میں گزشتہ سال کی نسبت3 گنا سے زائد رقبہ پر اگیتی کپاس کاشت ممکن ہوئی ہے،فیلڈ فارمیشنز کی ٹارگٹ کے حصول کے لئے جاری عملی سرگرمیاں بھی قابلِ ستائش ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں، چوہدری عبدالحمید،پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد انجم علی و دیگر افسران نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577296