راولپنڈی۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ویسٹ ڈمپنگ اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈینگی وارڈ کا خصوصی دورہ کیا اور ڈینگی کے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے علاج معالجے کے متعلق دریافت کیا۔ سیکرٹری عظمت محمود نے کہا کہ ہسپتالوں کو تمام تر ادویات کے علاوہ ان کی ڈیمانڈ کے مطابق ہیومن ریسورس جس میں ٹرینڈ ڈاکٹرز اور پیرا میڈکل سٹاف شامل ہے، وہ مہیا کیا جا چکا ہے۔ اسکے بعد علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے ویسٹ ڈمپنگ کے میکنزم پر خصوصی توجہ دی جائے اور صفائی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمرنے موجودہ ڈینگی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں راولپنڈی ضلع کے %70 اور %30 دوسرے علاقہ کے مریض زیر علاج ہیں۔ مریضوں کے لئے خصوصی ڈینگی وارڈز میں تمام تر سہولیات موجود ہیں اور داخل ہوئے مریضوں کی بہترین نگہداشت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہولی فیملی ہسپتال میں کسی بھی جگہ سے تعلق رکھنے والے مریض کو ریفیوز نہیں کیا جاتا اس لئے مریضوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنا پتہ صحیح بتائیں تا کہ جہاں سے مریض رپورٹ ہورہے وہاں کیس ریسپانس کیا جا سکے۔ اسکے علاوہ پرائیویٹ ہسپتال اور لیبز جہاں سے 118 مریضوں کی غلط رپورٹنگ سامنے آئی ہے، انکے خلاف کاروائی بھی کی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ڈینگی کا ٹیسٹ سرکاری ہسپتالوں میں فری اور پرایؤیٹ ہسپتال و لیبز میں 90 روپے کا مقرر کیا گیا ہے۔ زائد چارجنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514210