سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ، بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے جاری کام کا معائنہ

156
سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ، بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے جاری کام کا معائنہ

سیالکوٹ۔ 03 جنوری (اے پی پی):سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب احسان بھٹہ نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی سیالکوٹ محمد ذوالقرنین، ڈی او انڈسٹریز سیالکوٹ، ٹیوٹا اورپی ایس آئی سی کے نمائندے ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی سیالکوٹ اور اے ڈی سی (فنانس اینڈ پلاننگ)، چیف آفیسر نے انوار کلب میں بزنس فسیلیٹیشن سنٹر (بی ایف سی) میں ہونے والی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔

سیکرٹری صنعت و تجارت نے ڈی سی سیالکوٹ اور صدر سیالکوٹ چیمبر کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ کیا جہاں بی ایف سی کا کام جاری ہے۔ اس دوران انہوں نے تعمیر ہونے والے مرکزی ہال، منیجر روم، ویٹنگ ایریا، کافی شاپ اور نئے بننے والے واش رومز کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور دیگر ٹیم نے یقین دلایا کہ پی ایچ اے کی جانب سے شجر کاری کے لیے 9 جنوری تک کام مکمل کر لیا جائے گا۔

سیکرٹری انڈسٹریز نے ڈی سی سیالکوٹ اور ان کی ٹیم کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ 9 جنوری تک اسے افتتاح کے لیے تیار کر لیا جائے گا۔ سیکرٹری انڈسٹریز نے لاہور بی ایف سی کے کام بارے آگاہ کیا جس کا بزنس کمیونٹی نے بڑے پیمانے پر اعتراف کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت 5 نئے بی ایف سیز کا اگلے 10 دنوں میں افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور ٹیوٹا کالج میں 3 اور 4 جنوری کو فوکل پرسنز کی 2 روزہ ٹریننگ شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ صنعت کاروبار دوست بی ایف سی کو مکمل کریں گے جہاں 17 سے زائد محکمے این او سی کی فراہمی کے لیے ایک ہی چھت تلے بیٹھیں گے۔

صدر سیالکوٹ چیمبر اور ڈی سی سیالکوٹ نے سیکرٹری انڈسٹری اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔