کوئٹہ۔ 12 فروری (اے پی پی):سیکرٹری قانون بلوچستان کلیم اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر قانون حفیظ اللہ، پی اے سیکرٹری قانون ارشد علی، ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم میل لسبیلہ حاجی نوید احمد ہاشمی نے تحصیل بیلہ کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں جاری امتحانی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
حکومت کی جانب سے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نقل کی روک تھام اور شفاف امتحانی عمل کو یقینی بنانے کےلیے افسران نے بدھ کو گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اسماعیلانی، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کماچہ، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بیلہ، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلہ اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول عارف والا میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ کے لیے فراہم کردہ سہولیات، امتحانی نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری قانون کلیم اللہ نے امتحانی عملے اور نگرانوں کو سختی سے ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی کے مطابق نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا جائے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو فوری روکا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات میں نقل نہ صرف تعلیمی معیار کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ طلبہ کی حقیقی صلاحیتوں کو بھی متاثر کرتی ہے ۔
دورے کے دوران افسران نے امتحانی مراکز میں سیکیورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات کے دوران مکمل چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل کے انسداد کے لیے خصوصی اسکواڈز بھی تعینات کیے گئے ہیں جو اچانک چھاپے مار کر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔