لاہور۔21مارچ (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک میں جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل نے پودا لگا کر کیا۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری لائیو سٹاک نے لائیو سٹاک کمپلیکس کوپر روڈ لاہور میں پودا لگایا اور ملکی سلامتی وخوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات ہمارے آب و ہوا کو متوازن بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پودے تازہ آکسیجن مہیا کرنے کا اہم ذریعہ اور آکسیجن کے بغیر زندگی کا وجود نا ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات فضائی آلودگی، سموگ اور پھیپھڑوں کے کینسر سمیت سیلاب اور زمینی کٹائو کے خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،
جنگلات خوراک اور اندھن مہیا کرنے کے علاوہ مختلف جانوروں کا مسکن بھی ہیں، ہمیں جنگلات کی حفاظت کرنی چاہیے۔ سیکرٹری لائیو سٹاک نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک کا دارومدار بھی پودوں پر ہے کیونکہ پودے جانوروں کی غذا ہیں۔انہوں نے تمام ڈویژنل ڈائریکٹر کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے متعلقہ ویٹرنری ہسپتالوں اور فارمز میں شجرکاری مہم کروائیں تاکہ ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرلز، ڈپٹی سیکرٹری، ڈائریکٹرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575105