سیکرٹری محکمہ قانون و پارلیمانی امور کلیم اللہ خان کی ڈپٹی کمشنر آفس آمد ، ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے استقبال کیا

187

کوئٹہ۔ 09 جنوری (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ قانون و پارلیمانی امور کلیم اللہ خان نے ڈپٹی کمشنر آفس نصیر آباد کا دورہ کیا، نصیر آباد پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے ان کا استقبال کیا ، ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ قانون گرداری لعل ،ڈپٹی سیکرٹری محکمہ قانون وسیم شاہد ،ڈسٹرکٹ اٹارنی نصیر آباد شیر دل خان ،ارشد علی ،ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی اور بابو شکر خان تنیہ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے سرکاری اراضی اور دیگر سرکاری اراضی پر جاری کیسز کے حوالے سے آگاہی فراہم کی ، پانچ ہزار پچاس ایکڑ اراضی ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کے نام پر الاٹ ہے ۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے بتایا کہ میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کی اراضی کے لیے بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اراضی فراہم کی گئی ہے جبکہ لیور ٹرانسپلانٹ کے لیے بھی زمین وقف کر دی گئی ہے ۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی نے بھی مختلف کیسز پر اسٹے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی کیونکہ کئی سرکاری امور اسٹے ہونے کی وجہ سے التوا کا شکار ہو جاتے ہیں ۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ قانون پارلیمانی امور کلیم اللہ خان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اٹارنی سرکاری امور کو ٹھپ ہونے نہ دیں ،اس طرح کے کیسز پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مفاد عامہ میں کیے جانے والے اقدامات جاری رہ سکیں ، ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کی بلڈنگ کے کام کو جلد از جلد شروع ہونا چاہیے اور تمام ترقیاتی امور کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے ، اس بلڈنگ کی یہاں پر کمی محسوس کی جا رہی تھی جو کہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ،ضلع انتظامیہ کوشش کرے کہ مزید اراضی کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ مستقبل میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کو کسی قسم کی مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ عوام کے زیادہ تر مفادات انہی محکموں کے ساتھ وابستہ ہیں ،تعلیم ،صحت ،آبنوشی سمیت دیگر سرکاری محکموں میں بہتری لانا انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہو اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ بعد ازاں سیکرٹری محکمہ قانون و پارلیمانی امور کلیم اللہ خان نے ضلع نصیر آباد میں ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کی اراضی کا بھی جائزہ لیا اور احکامات دیے کہ جلد از جلد منصوبے کے تعمیراتی امور کو شروع کیا جائے۔