اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):پاکستان نے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ اس سال حج آپریشن کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے معاہدے پر جلد دستخط کرے۔جدہ میں سیکرٹری مذہبی امور سردار عجاز احمد خان جعفر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط کے ساتھ حج و عمرہ خدمات کی کانفرنس اور نمائش کے موقع پر ملاقات کی ۔
اس کانفرنس کا موضوع "جدت کی جانب تبدیلی ‘‘ تھا۔ بدھ کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق سیکرٹری مذہبی امور سردار عجاز احمد خان جعفر نے کہا کہ قبل از وقت معاہدے سے وزارت مذہبی امور کو حج پالیسی بنانے میں مدد ملے گی جس میں عازمین حج کے ذریعے درخواستیں جمع کرانے کا ٹائم فریم اور مناسب طریقے سے باقی انتظامات شامل ہیں۔
سیکرٹری مذہبی امور نے حج اخراجات، کوٹہ، ایس او پیز، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ، اردو ہیلپ لائنز اور موبائل ایپ کی بہتری، منی ٰاور عرفات میں سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیموں کے لئے کیمپوں میں سستی رہائش اور کھانے کی فراہمی پر بھی بات چیت کی ۔ سعودی نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح نے کہا کہ ان کی وزارت جلد ہی پاکستانی حکام کو حج کوٹہ اور ایس او پیز کے بارے میں آگاہ کرے گی تاہم انہوں نےکہا کہ وہ محدود، اعتدال پسند اور مکمل حج آپریشن کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پیشگی اقدامات کریں۔
دریں اثنا، پاکستانی وفد نے نمائش میں مختلف خدمات فراہم کرنے والوں کے سٹالزجیسا کہ کیٹرنگ اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ موساسا جنوبی ایشیا کا دورہ کیا۔ وفد میں سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز احمد خان جعفر کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل حج جدہ ابرار مرزا، ڈائریکٹر حج ساجد منظور اسدی اور نجی حج کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔