کوئٹہ۔ 25 فروری (اے پی پی):سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر کے زیر صدارت صوبے میں ٹول پلازوں کے حوالے سے مسائل نئے ٹول پلازوں کی تعمیر اور ریسکیو 1122 کے مراکز میں اِضافہ اور ان مراکز کو مزید جدید سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے این ایچ اے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں ممبر این ایچ اے بشارت حسین ڈاہریکٹر کورڈ این ایچ اے آصف مسعود چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹ ڈاکٹر سجاد بلوچ کے علاؤہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس کو صوبے میں فنکشنل تمام ٹول پلازوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر نے کہا کہ شاہراہوں کی بہتری اور دیکھ بھال میں ان ٹول پلازوں کی بڑی اہمیت ہے صوبے کے تمام ٹول پلازوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ تمام ٹول پلازوں پر مسافروں کے قیام وطعام کے حوالے سے بہتر سہولیات میسر ہونے چاہیے اس کے علاؤہ جن جن اضلاع میں ٹول پلازے موجود ہیں ان اضلاع کے لوکل مسافروں کو بھی ٹول پلازہ فیس سے مستثنیٰ قرار دینا چاہیے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے مزید کہا کہ ہماری اولین کوششیں یہی ہونی چاہیے کہ ہم صوبے کے عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں بہتر سے بہتر سہولیات میسر کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566199