سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف وفد کے ہمراہ کرائم پریوینشن اور کریمنل جسٹس سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ترجمان وزارت قانون و انصاف

141

ویانا۔20مئی (اے پی پی):سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر، اقوام متحدہ کے ٹرانس نیشنل آرگنائزڈ کرائم ریویو میکنزم کے لئے قومی فوکل پرسن احسن صادق اور نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا خالد محمود چوہان سمیت دیگر کرائم پریوینشن اور کریمنل جسٹس سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کے مطابق اجلاس کے موقع پر پاکستان دو ضمنی تقریبات (سائیڈ ایونٹس) کا انعقاد بھی کر رہا ہے۔ ایک تقریب پاکستان میں عدالتی اصلاحات کو اجاگر کرے گی جبکہ دوسری تقریب پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کے لئے کئے گئے قومی اقدامات پر مرکوز ہو گی۔واضح رہے کہ کرائم پریوینشن اور کریمنل جسٹس سے متعلق کمیشن اقوام متحدہ کا مرکزی پالیسی ساز ادارہ ہے جو جرائم کی روک تھام اور فوجداری نظامِ انصاف کے شعبوں میں کام کرتا ہے۔

یہ کمیشن ہر سال باقاعدہ اجلاس منعقد کرتا ہے تاکہ بین الاقوامی جرائم سے متعلق عصری مسائل پر غور کیا جا سکے اور پالیسی سفارشات تیار کی جا سکیں۔ 40 ممالک اس کمیشن کے رکن ہیں اور پاکستان 2025 تا 2027 کے لئے اس کا رکن ہے۔