کوئٹہ۔ 26 جون (اے پی پی):سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ نے کہاہے کہ مسافر بسوں میں خفیہ خانوں کی گنجائش نہیں ،خلاف ورزی کرنے والی بسوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندگان کے علاوہ سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے بھی شرکت کی ۔
میٹنگ کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے تمام ٹرانسپورٹ کمپنی کے نمائندگان کو بتایا کہ بسوں میں خفیہ خانوں کے حوالے سے کارروائی کی جائے گی، اگر کسی بھی بس میں خفیہ خانے پائے گئے تو ایسی بسوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ان بسوں کے خلاف جن میں خفیہ خانے پائے جاتے ہیں انکے خلاف موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس پر تمام ٹرانسپورٹرز نے یقین دہانی کرائی کہ ڈیپارٹمنٹ کے اس اچھے اقدام میں وہ مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ ان کے بسوں میں کسی قسم کے خفیہ خانے موجود نہیں ہیں اور نہ ہی وہ اس بات کی اجازت دیں گے۔