سیالکوٹ۔ 29 اگست (اے پی پی):سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے سیالکوٹ کا ہنگامی دورہ کیا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ڈاکٹر رضوان نصیر نے سیالکوٹ میں جاری حالیہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے نالہ ایک، پھلکو اور نالہ بھیڈ کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد نے موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی بابت بریفنگ بھی دی۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ریسکیو آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور ریسکیورز و ریسکیو سکاوٹس سے ملاقات بھی کی۔
ریسکیو 1122 نے اب تک سیالکوٹ میں 1257 لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیاہے جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث 13 لوگ جاں بحق ہوئے،سیلاب نے تحصیل سیالکوٹ میں چپراڑ، سید پور، کھوجے چک، بجوات کے علاقہ ، شہری علاقوں میں نالہ پلکھو نے عسکری کالونی، بھوت ، بھڑت، کینٹ ایونیو، حسن وال، ماچھی کھوکھر، کلووال چاند باغ اور ملحقہ علاقوں کو متاثر کیا جبکہ نالہ ایک نے رنگ پورہ اور شفیع کا بھٹہ بھاگووال روڈ کو متاثر کیا۔
سمبڑیال میں چھنی گوندل، خاصہ، رندھیر باگڑیاں، ماجرہ کلاں اور ملحقہ علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے۔ سیلاب نے تحصیل پسرور میں نالہ ڈیک نے چہور، نواں پنڈ پناں والا تہ، سوکن ونڈ اور ملحقہ علاقوں کو متاثر کیا۔ ریسکیو 1122 کا ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کے مطابق صورتحال کنٹرول میں ہے، لوگوں کو سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔