سیکرٹری ہائوسنگ کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب کے سیوریج نظام کی جدید ماسٹر پلاننگ کا فیصلہ
سیکرٹری ہائوسنگ کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب کے سیوریج نظام کی جدید ماسٹر پلاننگ کا فیصلہ

مزید خبریں
لاہور۔6اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ میں سیوریج نظام کی جدید خطوط پر منصوبہ بندی کے لیے سیٹلائٹ امیجنگ، ڈرون ٹیکنالوجی اور جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق اور ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر قیصر رضا نے منصوبے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت پنجاب کے تمام شہروں کا جامع سیوریج ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا، جبکہ ابتدائی مرحلے میں گوجرانوالہ سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جدید ڈرونز، سیٹلائٹ امیجنگ اور جی آئی ایس ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ نکاسی آب کے نظام، ڈرینز اور آبی راستوں کی درست نقشہ سازی اور تجزیہ ممکن بنایا جا سکے۔سیکرٹری ہائوسنگ نے ہدایت کی کہ پنجاب واسا میں خصوصی جی آئی ایس سیل قائم کیا جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرینز، سیوریج نیٹ ورک اور آبی راستوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ممکنہ سیلابی صورتحال، واٹر مینجمنٹ، اربن فلڈنگ اور سیوریج سے متعلق اہم فیصلوں میں موثر معاونت حاصل ہوگی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ گوجرانوالہ میں پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسی ماڈل کو مرحلہ وار دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائے تاکہ پورے پنجاب میں جدید، سائنسی اور ڈیجیٹل بنیادوں پر سیوریج پلاننگ کا نظام قائم کیا جا سکے۔ نورالامین مینگل نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو محفوظ، جدید اور معیاری شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔







