میلبورن۔26جنوری (اے پی پی):بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر دو اور دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا اور چین کی ٹینس کھلاڑی ژینگ کنوین اپنی فتوحات کو جاری رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئیں ۔
میگا ایونٹ کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا نے امریکی فورتھ سیڈڈ ٹینس کھلاڑی کوکو گف کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا اور اب ان کو اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے اب مزید ایک فتح درکار ہے۔
دوسرے سیمی فائنل میچ میں چین کی ٹینس کھلاڑی ژینگ کنوین نے یوکرین کی ٹینس کھلاڑی ڈیانا یاسٹریمسکاکو مات دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔آسٹریلیا کے شہرمیلبورن میں جاری 112 واں میگا ایونٹ میں جمعہ کو راڈ لیور ایرینا پرکھیلے گئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر دو اور دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی فورتھ سیڈڈ ٹینس کھلاڑی کوکو گف کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(2-7) اور 4-6 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا،
جہاں ان کا مقابلہ چین کی ٹینس کھلاڑی ژینگ کنوین سے ہوگا، انہوں نے دوسرے ویمنز سنگلز سیمی فائنل میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یوکرین کی حریف ٹینس کھلاڑی ڈیانا یاسٹریمسکاکو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میگا ایونٹ میں ویمنز سنگلز مقابلوں کا فائنل میچ کل (ہفتہ ) کو کھیلا جائے گا۔