نیویارک۔29اگست (اے پی پی):بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آریانا سبالینکا ،امریکی تھرڈ سیڈڈ ٹینس سٹار کوکوگف، امریکا کی ایما ناوارو اور روسی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یو ایس اوپن ویمنز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ جمہوریہ چیک کی باربورا کریجیکووا کا خواتین کے سنگلز مقابلو ں کے دوسرے رائونڈ میں سفر تمام ہوگیا ۔ سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں۔
ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آریانا سبالینکا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کی حریف کھلاڑی لوسیا برونزٹی کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 1-6سے ہرا کر میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
امریکی تھرڈ سیڈڈ ٹینس سٹار کوکوگف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جرمن حریف کھلاڑی ٹٹجانا ماریا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 0-6 سے شکست دے کر دوسری رکاوٹ عبور کر لی ، ایک اور میچ میں امریکی ٹینس سٹار میڈیسن کیز نے سٹریٹ سیٹس میں آسٹریلین حریف کھلاڑی مایا جوائنٹ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 0-6 سے شکست دی ۔ روسی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا اور امریکی ٹینس سٹار ایما ناوارو نے بھی دوسری روکاٹ عبور کر لی ۔جمہوریہ چیک کی ٹینس کھلاڑی باربورا کریجیکووا کا دوسرے رائونڈ میں سفر تمام ہوگیا، ان کو رومانیہ کی ٹینس کھلاڑی ایلیناگیبریلا روسی نے 4-6 اور 5-7 سے شکست دی۔