لندن۔1جولائی (اے پی پی):سپین کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار ، سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز ،امریکا کے ٹینس کھلاڑی فرانسس ٹیافو جونیئر،روسی ٹینس سٹار آندرے روبلوف ،انگلینڈ کے کیمرون نوری اور روس کے ہی کیرن خچانوف ومبلڈن اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ ڈنمارک کے ٹینس سٹار ہولگررونے اور روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف مینز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس فٹنس مسائل کے باعث میچ کے دوران مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔
ہسپانوی ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں اٹلی کے حریف کھلاڑی فابیو فوگنینی کو مات دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کا موقع ملیں گے ۔ پانچ گرینڈ سلام ٹائٹلز کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے دفاعی چیمپئن 22 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اٹلی حریف کھلاڑی فابیو فوگنینی کو5-7، 7-5(7-5)،5-7، 6-2 اور 1-6 سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں امریکا کے ٹینس کھلاڑی فرانسس ٹیافو جونیئر نے بھی پہلی رکاوٹ عبور کرلی ،انہوں نے مینز سنگلز پہلے رائونڈ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈنمارک کے حریف کھلاڑی ایلمر مولر کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 4-6 اور 2-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ پہلے رائونڈ کے دیگر میچز میںروسی ٹینس سٹار آندرے روبلوف ،انگلینڈ کے کیمرون نوری اور روس کے ہی کیرن خچانوف نے فتح حاصل کر کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا
جبکہ ڈنمارک کے ٹینس سٹار ہولگررونے اور روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف مینز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس فٹنس مسائل کے باعث میچ کے دوران مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔