راولپنڈی ۔24مارچ (اے پی پی):سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے دراندازی کی کوشش کی، ہمہ وقت چوکس جوانوں نے بروقت جوابی کارروائی سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور دہشتگردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔
دہشتگردوں نے ناکامی پر راہ فرار اختیار کی۔ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں چار جوان بہادری سے لڑتے جام شہادت نوش کر گئے۔
شہداء میں غذر، گلگت بلتستان کے 34 سالہ لانس حوالدار وجاہت عالم، شیخوپورہ کے 25 سالہ سپاہی ساجد عنایت، غذر، گلگت بلتستان کے 32 سالہ سپاہی مقبول حیات اور سکردو کے 22 سالہ سپاہی ساجد علی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی مادر وطن کے لیے قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔