راولپنڈی۔31دسمبر (اے پی پی):سیکورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش میں فائرنگ کے تبادلہ میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ ایک اور کارروائی میں دہشتگردوں کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ پاک فوج کے نائیک عبدالروئوف نے جام شہادت نوش کیا۔ اتوار کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تین دہشت گردوں نے ضلع باجوڑ کے علاقہ بٹوار میں پاکستان افغانستان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی جنہیں سیکورٹی فورسز نے قابو کرلیا۔
فائرنگ کے تبادلہ میں تینوں دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ دہشتگردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ ایک اور واقعہ میں افغانستان کے اندر سے دہشتگردوں نے نارتھ وزیرستان کے علاقہ سپن وام میں پاکستانی بارڈر پوسٹ پر فائرنگ کی جس کا سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا جس سے دہشتگردوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلہ میں رحیم یار خان پنجاب کے رہائشی31 سالہ نائیک عبدالرئوف نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پاکستان تسلسل کے ساتھ افغانستان کی عبوری حکومت کو یہ کہہ رہا ہے کہ وہ اپنی طرف سے موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، افغان عبوری حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی جانب سے شرپسندانہ کارروائیوں کیلئے اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔