ڈیرہ اسماعیل خان۔ 14 مئی (اے پی پی):تھانہ کھوئی بہارہ کے قریب شرپسندوں کی جانب سے روڈ توڑ کر سیکورٹی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی ناکام،سیکورٹی فورسز و پولیس پر حملے کیلئے نصب آئی ای ڈی سے شرپسندوں کے ٹھکانے تباہ، پولیس و پاک فوج کی نگرانی میں روڈ کی تعمیر کا کام شروع،علاقہ مکینوں کا اظہار تشکر۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے دور افتادہ علاقہ کھوئی بہارہ کے قریب منگل موڑ پر شاہراہ عام کو 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب شرپسندوں نے عوام دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے سڑک کو توڑ دیا تھا اور روڈ توڑنے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی کرکے روڈ میں آئی ای ڈی نصب کردی تھی ۔
بروقت اطلاع ملنے پر سیکورٹی اداروں نے خستہ حال روڈ میں نصب شدہ آئی ای ڈیکو ناکارہ بناکر حملے کی منصوبہ بندی کو ناکام بنادیا اور اسی آئی ای ڈی سے شرپسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناکر مسمار کردیا جبکہ خستہ حال روڈ کی تعمیر کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی پاک فوج کے حکام سے رابطہ پر پاک فوج اور پولیس کی نگرانی میں علاقہ مکینوں کے ہمراہ فوری طور پر تعمیر کا کام شروع کرادیا گیا ۔ شرپسندوں کی جانب سے سڑک توڑنے سے علاقہ مکینوں کو تکالیف اور دشواری کا سامنا تھا ۔
علاقہ مکینوں و سماجی شخصیات نے سڑک توڑنے کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور پولیس کو خراج تحسین پیش اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ اہلیان علاقہ کا کہنا تھا کہ روڈ توڑنے اور سیکورٹی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی علاقہ مکینوں سے دشمنی کا ثبوت ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596964