اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ ہاسپیٹلٹی اینڈ ٹوورازم شعبے کی ضروریات و تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکٹر اسکل کونسل جدید نصاب، اعلیٰ تربیت کی فراہمی، مانیٹرنگ ، ٹریڈ کی حتمی تشخیص، تربیت مہیا کرنے والوں کی رہنمائی اورہنر مند افراد کی تربیت کے مطابق روزگار کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میںہاسپیٹلٹی اینڈ ٹوور ازم سے متعلق منعقد ہونے والے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ہاسپیٹلٹی اینڈ ٹورازم شعبے سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں اور ماہرین نے شرکت کی جس میں ہاشو فاﺅنڈیشن کے وائس چیئرمین محمد اختر باوانی ، کوتھم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق، اسلام آباد ہوٹلز سے رضوان ترمذی ، رمادہ، سیور فوڈ چین ، سکلز ٹن کراچی ، کیفے زوک سمیت دیگر گروپس کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں سیکٹر اسکل کونسل کے اغراض و مقاصد اور اس کو فعال کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز و اصلاحات پر سیر حاصل بحث کی گئی ۔ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ سیکٹر اسکل کونسل انڈسٹری اور حکومت کے درمیان ایک پُل کا کام سرانجام دیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اگر ہم اپنی تربیت کے معیار کو اعلیٰ ترین بنالیں تو ہم ترقی یافتہ ممالک سے قدم سے قدم ملا کر چل سکیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71535